واشنگٹن،14اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت ترک کرنے والے ری پبلکنز کسی تعریف کے حقدار نہیں ہیں کیونکہ وہ ایک لمبے عرصے تک "خاموش کھڑے رہے اور اچانک ان کے دل بدل گئے۔انھوں نے ریپبلکنز پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے اپنی جماعت میں نفرت سے بھرے بیانیے کو چیلنج کیے بغیر چلنے دیا۔اوباما ریاست اوہائیو میں ڈیموکریٹس کی ایک انتخابی مہم سے خطاب کر رہے تھے جس میں ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر ری پبلکنز ٹرمپ جیسے نہیں ہیں اوربہتر طور پر سمجھتے ہیں، لیکن انھوں نے جماعت کے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے والے ٹرمپ کے بیانیے کی مذمت نہیں کی۔انھوں نے کہا کہ یہ جماعت کی لاپرواہی تھی کہ اس نے ایسا امیدوار نامزد کیا کہ جو خواتین سے متعلق جنسی تشدد، مذاق اور شیخی بگھارتا ہے۔آپ آخر تک انتظار نہیں کر سکتے کہ جب کچھ حتمی طور پر ہوتا ہے اور آپ کہتے ہیں کہ یہ بہت ہو گیا، بس یہ بہت ہو گیا اور پھر آپ کسی حد تک قائدانہ صلاحیت کا اظہار کریں اور کہیں کہ آپ امریکی سینیٹ میں منتخب ہونے کے حقدار ہیں۔اوباما کا مزید کہنا تھا کہ ایسے لوگ جو بہتر جانتے ہیں اور سیاسی مصلحت کے تحت خاموش کھڑے رہتے ہیں ان سے زیادہ میں ان لوگوں کو قابل معافی سمجھتا ہوں جو اس پر یقین رکھتے ہیں۔امریکہ میں درجنوں ری پبلکنز جو کہ کانگریس میں دوبارہ منتخب ہونے کے لیے امیدوار ہیں، نے ٹرمپ کی حمایت ترک کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ ان میں ایریزونا سے سینیٹر جان مکین بھی شامل ہیں۔اب تک دونوں بڑے صدارتی امیدواروں ڈیموکریٹ ہلری کلنٹن اور ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین براہ راست دو مباحثے ہو چکے ہیں جن میں کلنٹن کا پلڑا بھاری رہا۔ تیسرا اور آخری مباحثہ 19اکتوبر کو ہونے جا رہا ہے جب کہ صدارتی انتخاب آٹھ نومبر کو ہوگا۔